ملک محمد احمد خاں 14

اے آئی کو انسانیت کے تحفظ ، امن کے فروغ ، سماجی بہبود کے لیے استعمال کیا جائے’ اسپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس جہاں میڈیکل سائنس سمیت مختلف شعبوں میں انقلاب برپا کر رہی ہے وہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹیکنالوجی کو تباہی کے بجائے انسانیت کے تحفظ، امن کے فروغ اور سماجی بہبود کے لیے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک کے زیر اہتمام ”تھرڈ انٹرنیشنل کانفرنس آن آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سوشل ٹرانسفارمیشن اینڈ سائنٹیفک پراگریس”سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایسی تخلیقات کی ضرورت ہے جو جنگ اور تباہی کو روک سکیں اور نوجوان نسل اس تبدیلی کی قیادت کر سکتی ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ وقت ضائع کرنے کے بجائے بڑے خواب دیکھیں کیونکہ نوجوانوں کے خواب ہی قوموں کا مستقبل بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی، سوشل ورک اور انسانی خدمت کے شعبوں میں قانون سازی وقت کی ضرورت ہے اور پنجاب اسمبلی اس حوالے سے کردار ادا کرے گی۔ ملک محمد احمد خاں نے پنجاب کی جیل اصلاحات کے حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے وزیراعلی پنجاب کے انٹرن شپ پروگرام کو نوجوانوں کے لیے مفید قرار دیتے ہوئے سوشل ورک کو بھی اس پروگرام میں شامل کرنے کی حمایت کی۔ تقریب سے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی، آئی جی جیل خانہ جات فاروق نذیر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور سوشل سائنسز، ٹیکنالوجی، نوجوانوں کے کردار اور سماجی ترقی پر اظہار خیال کیا۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ اے آئی اور سوشل ویلفیئر کے امتزاج سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں