عظمی بخاری 26

چائلڈ میرج ایکٹ کی منظوری پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا سنہرا باب ہے’عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں ”چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ”(کم عمری کی شادیوں کی روک تھام)کے حوالے سے ہونے والی قانون سازی پر اسپیکر ملک محمد احمد خان کے متحرک اور جرات مندانہ کردار کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسپیکر ملک محمد احمد خان نے جس مدبرانہ انداز میں اس حساس قانون سازی کے عمل کو مکمل کیا، اس پر سوسائٹی کے تمام طبقات بشمول خواتین کی تنظیمیں، دانشور اور سماجی شخصیات ان کی معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم موضوع پر تمام مکاتبِ فکر کی رائے سننا اور ایوان کو جمہوری انداز میں چلانا ایک قابلِ فخر مثال ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم سب بیٹیوں والے ہیں اور عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے ہماری یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، بالخصوص ان کم عمر بچیوں کے حقوق کا تحفظ کریں جنہیں ان کی مرضی کے بغیر سماجی مصلحتوں کی بھینٹ چڑھا دیا جاتا ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس تاریخی قانون سازی سے مستقبل میں مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور معاشرے میں ایک واضح پیغام جائے گا۔صوبائی وزیر نے ایوان میں مخالف رائے رکھنے والے ارکان کے رویے کو بھی سراہا اور کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کی خوبصورتی ہے۔

جن بھائیوں نے تہذیب کے دائرے میں رہ کر اپنے دلائل دیے، ہم ان کے موقف کا احترام کرتے ہیں اور بل کی منظوری کے باوجود ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے تاکہ تمام فریقین کو اس حساس معاملے پر قائل کیا جا سکے۔اس موقع پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیر اطلاعات کے کلمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔ انہوں نے بل کی منظوری کے دوران ہونے والی بحث کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرات مندانہ فیصلے ہی معاشرے کی سمت درست کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایوان میں اکثریت کا فیصلہ مقدم ہے اور اسی میں جمہوریت کی روح پوشیدہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں