پشاور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ رضاکاری میں متحرک نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں ،دکھی انسانیت کی خدمت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کورمضان المبارک کے دوران گورنر ہائوس پشاور میں معذوری کے ساتھ بچوں کیلئے افطار ڈنر میں رضاکارانہ کام کرنے والے نوجوانوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نوجوان اور متحرک قیادت ہیں، نوجوان ملکی ترقی میں ان کے ساتھی بنیں اور ملک و صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اس حوالے سے پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا ۔پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے صدر ابوبکر نے اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ویمن امپاورمنٹ یوتھ انگیجمنٹ ایجنڈے کو لائق ستائش قرار دیا۔









