لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے شہری کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر 20لاکھ روپے ہتھیانے کے کیس میں ملزم حافظ خیرات علی کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
جسٹس محمد وحید خان نے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، وفاقی حکومت کی جانب سے لاء افسر راجہ خرم شہزاد پیش ہوئے اور ملزم کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے شہری کو اٹلی میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 20لاکھ روپے وصول کیے۔فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی تفتیش میں ملزم کے خلاف الزامات ثابت ہو رہے ہیں لہٰذا وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں اور اس کی ضمانت مسترد کی جائے۔
دوسری جانب وکیل صفائی نے ملزم کی ضمانت کے حق میں دلائل دیئے تاہم وہ عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم حافظ خیرات علی کی درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ بادی النظر میں ریکارڈ پر موجود شواہد ملزم کے خلاف ہیں، اس لیے اسے ضمانت کا ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔









