لاہور( رپورٹنگ آن لائن)چین کی پریمیم نٹ مارکیٹ میں پاکستانی چلغوزے کی مانگ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔جیلن انٹرنیشنل اسٹڈیز یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر امجد زرین کے مطابق شمالی اور جنوبی وزیرستان ملک کی مجموعی چلغوزہ پیداوار کا تقریباً 80 سے 85 فیصد حصہ فراہم کرتے ہیں، شمالی وزیرستان میں سالانہ 1,700 سے 2,000 میٹرک ٹن جبکہ جنوبی وزیرستان میں 800 سے 900 میٹرک ٹن چلغوزہ پیدا ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی مجموعی سالانہ چلغوزہ پیداوار عموماً 2,100 سے 2,900 میٹرک ٹن کے درمیان رہتی ہے جبکہ موافق موسمی حالات میں اس سے زیادہ پیداوار بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔گزشتہ چند برسوں میں پاکستانی چلغوزے کی چینی مارکیٹ میں طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق2023 سے 2025 کے درمیان چین کو پاکستان کے چلغوزہ برآمدات تقریباً دوگنی ہو گئیں۔2023 سے 2025 کے دوران چین کو پاکستان کی چلغوزہ برآمدات میں مضبوط اضافہ ریکارڈ کیا گیااوربرآمدی حجم 579.8 ٹن سے بڑھ کر 1,147 ٹن تک پہنچ گیا۔ اسی عرصے میں برآمدی آمدنی 2023 میں 8.2 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2024 میں 18.8 ملین ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچی جبکہ 2025 میں معمولی کمی کے ساتھ 17.9 ملین ڈالر رہی۔









