کمالیہ(رپورٹنگ آن لائن )کمالیہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مہنگائی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میں ایک سروے کیا گیا جس میں شہریوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔سروے کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے فوری اثرات روزمرہ استعمال کی اشیا پر پڑے ہیں۔ آٹا، چینی، گھی، سبزیاں اور دالوں سمیت تقریبا تمام بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہونے سے نہ صرف سفر مہنگا ہوا بلکہ اشیا کی ترسیل کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کا بوجھ براہِ راست عوام پر منتقل ہو رہا ہے ۔ایک شہری محمد اشفاق نے بتایا کہ پہلے جو سامان ایک ہزار روپے میں آ جاتا تھا اب وہی دو ہزار میں بھی مشکل سے ملتا ہے ۔ آمدن وہی ہے مگر اخراجات دگنے ہو گئے ہیں۔اسی طرح ایک خاتون صائمہ بی بی کا کہنا تھا کہ گھریلو بجٹ مکمل طور پر متاثر ہو چکا ہے ، بچوں کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔سروے میں شامل دکانداروں نے بھی اس صورتحال کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق سپلائرز کی جانب سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے وہ بھی مجبوری میں نرخ بڑھا رہے ہیں۔
دکانداروں کا کہنا تھا کہ اگر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو کاروبار مزید متاثر ہوگا۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عام آدمی کا جینا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔سروے کے نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ کمالیہ میں مہنگائی نے عوام کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے اور شہری فوری ریلیف کے منتظر ہیں۔









