بجٹ 24

خیبر پختونخوا کا ٹیکس فری بجٹ تیار، حجم 2300 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)خیبر پختونخوا حکومت نے اگلے مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری مکمل کرلی، جس کے تحت اگلے مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا، ٹیکس فری بجٹ پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اگلے مالی سال کے بجٹ کا حجم 2300 ارب سے زائد رہنے کا امکان ہے۔آئندہ مالی سال 27-2026 کے لیے مرکز سے 1671 ارب روپے ملنے کا امکان جن میں 159 ارب دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ہوں گے۔

بجلی کے خالص منافع کی مد میں 107 ارب روپے ملنے کا امکان جن میں 36 ارب اگلے سال جبکہ 71 ارب بقایاجات کی مد میں ملیں گے۔صوبے کو اپنے وسائل سے 150 ارب آمدنی کی توقع ہے، 99 ارب ٹیکسوں جبکہ 51 ارب دیگر مدات سے حاصل ہوں گے۔ صوبے کے ضم اضلاع میں جاری اور ترقیاتی کاموں کے لیے 334 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔غیر ملکی ترقیاتی امداد کا حجم 160 ارب روپے رہنے کا امکان ہے۔

صوبے کے بندوبستی اضلاع کے لیے 1971 ارب روپے مالیت کے بجٹ کا حجم تیار کیا گیا، بندوبستی اضلاع میں اخراجات جاریہ پر 1545 ارب روپے جبکہ ترقیاتی کاموں پر 426 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق جاری مالی سال 26-2025 کے صوبائی بجٹ کا حجم 2119 ارب روپے تھا اور ضم اضلاع کے لیے 293 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، تین سہ ماہیوں میں صوبے کے بجٹ میں سے 1025 ارب روپے استعمال ہوئے، جاری مالی سال کے لیے 547 ارب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں