لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے مشکل ترین حالات کے باوجود معیشت کو درست سمت میں گامزن رکھا ،مطالبہ ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں تاجر برادری کو خصوصی ریلیف دیا جائے ۔
اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے مطالبہ کیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر ٹیکس بوجھ کم کیا جائے،کاروباری قرضوں پر شرح سود میں کمی لائی جائے،چھوٹے تاجروں کے لئے پیچیدہ ٹیکس قوانین کا خاتمہ کر کے سادہ ٹیکس نظام لایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ توانائی کے نرخوں میں کمی سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،
مطالبہ ہے کہ کمرشل بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ پیداواری لاگت کم ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو سہولیات فراہم کر کے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔تاجروں کو ریلیف دینے سے نہ صرف کاروبار ترقی کرے گا بلکہ قومی معیشت بھی مزید مضبوط ہوگی۔









