عدالت 11

بلدیہ ٹاؤن کمرشل پلاٹس پر تجاوزات، کے ڈی اے کو حل کیلئے ایک ماہ کی مہلت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے بلدیہ ٹاؤن کے کمرشل پلاٹس پر تجاوزات سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کے ڈی اے کو مسئلے کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرنے کی ایک ماہ کی مہلت دے دی۔درخواست گزار خالد لطیف کے وکیل فضل الرحمان نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کے کمرشل پلاٹ ایل ایس 16 کے کچھ حصے پر قبضہ ہے، جس کے باعث انہیں پلاٹ استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ اب عدالت آئے ہیں جب اردگرد تعمیرات ہوچکی ہیں، اب صورتحال یہ ہے کہ آپ کو حق دلانے کیلئے دوسروں کو نقصان پہنچانا پڑے گا۔کے ڈی اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ صرف درخواست گزار کا مسئلہ نہیں، کئی پلاٹس ایک دوسرے میں گڈمڈ ہوچکے ہیں۔نعیم خورشید ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت ایک درخواست پر فیصلہ کرے گی تو اسی فیصلے کی بنیاد پر مزید کیسز سامنے آجائیں گے۔

انہوں نے فریقین کے ساتھ مل کر قابل عمل حل تلاش کرنے کیلئے وقت دینے کی استدعا کی۔جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیے کہ مسائل عدالت کے سامنے ہیں، حل نکالنا ہے اور درخواست گزار عدالت آیا ہے۔ عدالت نے کے ڈی اے کو تجاویز پیش کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں