سعدیہ جاوید 11

نئے صوبوں کی بات کرنے والے سندھ کو تقسیم کرنے کا خواب چھوڑ دیں، سعدیہ جاوید

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے نئے صوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر مصطفی کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا فلسفہ ہی ”پاکستان کھپے” ہے، سندھ کو انتظامی اکائیوں میں تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والے ملک کو جوڑنے کا دعویٰ نہ کریں۔

ایک بیان میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ 18ویں ترمیم نے وفاق کو مضبوط اور عوام کو حقوق دیے، سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والے ملکی تاریخ سے واقف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وڈیروں کی نہیں بلکہ غریب ہاریوں، مزدوروں اور عوام کی نمائندہ حکومت ہے، جس کی بنیاد جمہوریت پر ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے الزام عائد کیا کہ سیاسی مصلحتوں کے تحت چہرہ بدلنے والے اب سندھ کی تقسیم کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا ماضی نفرتوں کی سیاست سے عبارت ہے، اب کسی نئے روپ میں سندھیوں اور مہاجروں کو لڑانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ سندھ صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، یہاں نفرت کی سیاست کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ انتظامی یونٹس کے نام پر سندھ کی تقسیم کی باتیں ملک میں نئے انتشار کا باعث بن سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی، جبکہ سندھ کے اسپتالوں اور صحت کے نظام پر تنقید کرنے والوں کو اپنے دور اقتدار کی کارکردگی کا بھی حساب دینا چاہیے۔سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ عوام جذباتی نعروں اور دعوؤں سے گمراہ نہیں ہوں گے، سندھ کے عوام اپنے مسائل سے آگاہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں