سندھ ہائی کورٹ 13

طلبہ یونینز کی بحالی، جامعہ کراچی کا جواب سندھ ہائیکورٹ میں جمع

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)جامعہ کراچی نے طلبہ یونینز کی بحالی سے متعلق درخواست پر اپنا جواب سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ طلبہ کونسل کا مجوزہ آئین سندھ حکومت کے متعلقہ محکمے کے پاس منظوری کے لیے زیر التوا ہے۔جامعہ کراچی کے جواب کے مطابق طلبہ کونسل کا مجوزہ آئین سینٹرل اسٹوڈنٹس ایڈوائزری کونسل نے تیار کیا تھا، جسے وائس چانسلر کی ہدایت پر جامعہ کے رجسٹرار نے 12 دسمبر 2022 کو محکمہ جامعات و بورڈز سندھ کو منظوری کے لیے ارسال کیا تھا، تاہم اس کی منظوری تاحال نہیں دی گئی۔

جامعہ کراچی نے مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار اپنے کسی بنیادی آئینی حق کی خلاف ورزی ثابت نہیں کرسکے۔ طلبہ یونینز کی بحالی اور انتخابات کے طریقہ کار کے لیے آئین سازی کا عمل پہلے ہی شروع کیا جاچکا تھا۔جواب میں مزید کہا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ اس سے قبل بھی اسی معاملے پر درخواست مسترد کرچکی ہے، اس لیے نئی درخواست بھی ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جائے۔دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ قوانین کے تحت قواعد و ضوابط بنائے بغیر بھی طلبہ یونینز کے انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔ ان کے مطابق جامعہ کراچی کی جانب سے قواعد کی منظوری نہ ہونے کو جواز بنانا قابل قبول نہیں۔عدالت نے درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں