اشرف بھٹی 6

حکومت چھوٹے دکانداروں کو بھی ایس ایم ایز پالیسی میں شامل کرے ، شہزاد اشرف بھٹی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت ایس ایم ایز کی پالیسی میں چھوٹے دکانداروں کو بھی شامل کرے تاکہ وہ حکومتی سہولیات اور مراعات سے مستفید ہو سکیں، چھوٹے دکاندار ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں لیکن انہیں کاروباری ترقی کے لیے درکار سہولیات میسر نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ چھوٹے تاجروں کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا نظام متعارف کرائے۔ انہیں کاروبار کی توسیع اور بہتری کے لیے خصوصی مالی معاونت فراہم کی جائے۔

اپنے بیان میں شہزاد اشرف بھٹی نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں کو بھی ایس ایم ایز کے تحت ٹیکس میں سہولتیں اور دیگر مراعات دی جائیں۔ بینکوں کے قرضوں تک ان کی رسائی آسان بنائی جائے تاکہ وہ سود مند کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کو نظرانداز کرنے کی بجائے انہیں معاشی پالیسیوں کا حصہ بنایا جائے۔ حکومت کی جانب سے موثر اقدامات سے نہ صرف چھوٹے کاروبار فروغ پائیں گے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں