بجلی صارفین 9

بجلی صارفین پر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ اضافی بوجھ کا خدشہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو دسمبر میں اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، جہاں سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں مجموعی طور پر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت دسمبر کے لیے بجلی کی قیمتوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی قیمتوں اور صارفین پر ممکنہ اضافی مالی بوجھ کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گئیں۔رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس وقت صارفین بجلی کے بلوں میں سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں، تاہم دسمبر میں یہ رقم بڑھ کر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ ہونے کا امکان ہے۔ اس طرح نومبر کے مقابلے میں صارفین پر ایک روپیہ 33 پیسے فی یونٹ اضافی بوجھ پڑسکتا ہے، جس کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین پر متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بجلی کی قیمتوں سے متعلق اہم تفصیلات سے آگاہ کردیا گیا ہے، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ممکنہ اضافے کے نتیجے میں کم سے کم مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے۔

دوسری جانب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا میں درخواست جمع کرائی ہے، جس میں آئندہ تین ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری طلب کی گئی ہے۔ اس درخواست پر نیپرا سماعت مکمل کرچکا ہے، تاہم حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔ادھر اکتوبر 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بھی بجلی کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کی ہے، جس کا اطلاق آئندہ ماہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں