لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ملک کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال میں 30 فیصد اضافے سے متعلق اخباری رپورٹس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا تیزی سے پھیلتا ہوا ناسور حکومتی اداروں، محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ اور انسدادِ منشیات کے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، تعلیمی ادارے نوجوان نسل کی کردار سازی، علم و شعور اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں، مگر افسوس کہ آج یہی ادارے منشیات فروشوں کے مذموم عزائم کی زد میں آ رہے ہیں، طلبہ میں منشیات کے استعمال میں 30 فیصد اضافہ محض ایک عدد نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے آخر کب اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں گے؟ تعلیمی اداروں کے اندر اور ان کے اطراف منشیات کی خرید و فروخت کا ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ منشیات فروش نوجوانوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی اور عدم فعالیت ان عناصر کے حوصلے بلند کر رہی ہے۔ یہ امر ناقابل قبول ہے کہ والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے حصول کے لیے اداروں میں بھیجیں اور وہاں ان کی زندگیاں منشیات کے خطرات سے دوچار ہو جائیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ منشیات کا استعمال صرف ایک فرد کو تباہ نہیں کرتا بلکہ پورے خاندان کو ذہنی، معاشی اور معاشرتی مشکلات میں مبتلا کر دیتا ہے۔ نشے کی لت نوجوانوں کی تعلیمی صلاحیتوں، ذہنی صحت، کردار اور مستقبل کو برباد کر دیتی ہے۔
اگر آج اس سنگین مسئلے کا سدباب نہ کیا گیا تو آنے والی نسلوں کو اس کے بھیانک نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ حکومت محض بیانات، اجلاسوں اور نمائشی اقدامات سے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر سکتی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ کے ذمہ دار عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کیا جائے، تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشی کے نیٹ ورکس کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں مؤثر نگرانی، آگاہی مہمات اور طلبہ کی کونسلنگ کا نظام متعارف کروایا جائے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے، اس مستقبل کو منشیات کے زہر سے محفوظ بنانا حکومت کی آئینی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔ جماعت اسلامی اس اہم مسئلے پر خاموش نہیں رہے گی اور نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔









