بابر اعظم 10

پر اعتماد ہوں، جلد بیٹنگ فارم بحال ہوجائیگی، بابر اعظم

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ اپنی بیٹنگ کے بارے میں پر اعتماد ہوں اور غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کروں گا، جلد آپ کو نظر آئے گا کہ جو رنز رکے ہوئے ہیں وہ آنا شروع ہو جائیں گے۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کی کنڈیشنز زیادہ مشکل نہیں تھیں، ڈومیسٹک میں بھی ایسی پچز پر کھیلا ہے، بطور ٹیم آپ کو ہر طرح کی کنڈیشنز کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بطور کپتان ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، نئے کھلاڑیوں کا ٹیم کیلئے پرفارم کرنا خوش آئند بات ہے۔قومی کپتان نے کہا کہ ثاقب خان نے کنٹرول کے ساتھ بولنگ کروائی، تسلسل سے اچھی گیند بازی کرنے والے بولرز کپتان کے لیے آسانی پیدا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ محمد عباس تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ہر کنڈیشن میں بولنگ کرنا جانتے ہیں، نوجوان فاسٹ بولرز کو ان کے تجربے سے سیکھنا چاہیے۔بابر اعظم نے کہا کہ طیب عارف اور محمد طحہٰ مختلف قسم کے کھلاڑی ہیں جو ہماری بیٹنگ کا مستقبل ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹیمیں نئے بلے بازوں کو بہت زیادہ چیلنج کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں