کاٹنے 4

سندھ میں ریبیز سے ایک اور ہلاکت، اموات کی تعداد 43 ہوگئی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ میں ریبیز (کتے کے کاٹنے سے ہونے والی بیماری) کے باعث ایک اور نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، جس کے بعد رواں سال صوبے میں اس مرض سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 43 ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع جھل مگسی سے تعلق رکھنے والا 20 سالہ نوجوان ریبیز کے باعث جناح اسپتال کراچی میں انتقال کرگیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق نوجوان کو تقریباً دو ماہ قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، تاہم اس نے ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی تھی۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوجوان کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال کی ایمرجنسی منتقل کیا گیا، جہاں پہنچنے تک اس میں ریبیز کی علامات ظاہر ہوچکی تھیں، تاہم ڈاکٹرز اس کی جان نہیں بچا سکے۔اسپتال ذرائع کے مطابق جناح اسپتال کراچی میں رواں سال ریبیز کے باعث 12 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، جبکہ کتے کے کاٹنے کے تقریباً 13 ہزار کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔دوسری جانب کراچی کے انڈس اسپتال میں رواں سال ریبیز کے باعث 30 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ انڈس اسپتال بدین میں بھی اس مرض سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔اس طرح سندھ میں رواں سال ریبیز سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 43 تک پہنچ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں