رانا سکندر حیات 3

مریم نواز کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو پہلے سے 4 ووٹ زیادہ ملیں گے، رانا سکندر حیات

لاہور( ) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ مریم نواز کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو انہیں وزیراعلی منتخب ہونے کے وقت سے بھی 4 ووٹ زیادہ ملیں گے،مسلم لیگ (ن)میں فارورڈ بلاک یا وزیراعلی کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں،پارٹی کے اندر اختلافات جمہوریت کا حسن ہوتے ہیں تاہم مریم نواز کے خلاف 7 ارکان اسمبلی بھی نہیں، 70 تو بہت زیادہ ہیں،کچھ لوگوں کی مخالفت کی وجہ صرف یہ ہے کہ مریم نواز ایک خاتون ہیں۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ ملک احمد خان کو وزیراعلی بننے کا کوئی اشارہ نہیں ملا اور نہ ہی ان کی وزیراعلی بننے کی کوئی خواہش ہے۔کوئی رکن صوبائی اسمبلی اس بات کی جرات نہیں کرسکتا کہ وہ نواز شریف کی ٹکٹ کے بغیر الیکشن جیت سکتا ہے اور تمام ارکان اسمبلی کی یہی صورت حال ہے۔صوبائی وزیر نے مسلم لیگ (ن)میں فارورڈ بلاک بننے، عدم اعتماد اور وزیراعلی کی تبدیلی سے متعلق تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزرا ء کو وزیراعلی مریم نواز سے براہ راست رابطے کی سہولت حاصل ہے۔

سلمی بٹ، عظمی بخاری، مریم اورنگزیب، صہیب بھرت، ذیشان ملک، ثانیہ عاشق، بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمان اور خواجہ سلمان سمیت دیگر وزرا ء جب چاہیں وزیراعلی سے رابطہ کرسکتے ہیں اور ان کے مسائل فوری حل کیے جاتے ہیں۔پہلے وزرا ء کو ملاقات اور مسائل کے حل کے لیے 3 دن بعد وقت ملتا تھا لیکن اب اگلے ہی منٹ میں مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔پنجاب میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت سال 2029 تک برقرار رہے گی اور آئندہ انتخابات میں پارٹی کلین سویپ کرے گی،کچھ لوگ اس بات سے خوف زدہ ہیں کہ مریم نواز 2029 میں وزیراعظم بن جائیں گی۔خواجہ آصف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے انہیں اپنا پسندیدہ رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کے بیان کا خلاصہ یہ ہے کہ مشکل وقت میں کچھ لوگ اپنی سی وی لے کر نکل آتے ہیں،پارٹی میں لوگوں کی اپنی خواہشات ہوتی ہیں اور یہ معاملہ صرف وزیراعلی تک محدود نہیں ہے۔

چوہدری شافع حسین کے بیان سے متعلق انہوں نے کہا کہ انہوں نے کوئی متنازعہ بات نہیں کی جبکہ سالک حسین کا بیان ہیٹ آف دی مومنٹ میں سامنے آیا تھا،مستند معلومات کے بغیر کسی معاملے پر بات نہیں کرنی چاہیے۔رانا سکندر حیات نے بتایا کہ وہ خود بھی ایک سرکاری سکول میں بچوں کو پڑھا رہے ہیں۔وہ لیڈر ہائی سکول فار گرلز جاتے ہیں جہاں طالبات کو انگریزی اور کمپیوٹر سائنس پڑھاتے ہیں۔طالبات کو پڑھانا ان کے لیے بھی سیکھنے کا ایک بڑا تجربہ ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں