تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا ہے کہ اگر واشنگٹن اور مغربی ممالک ایران کے جائز مطالبات اور شرائط کو تسلیم کر لیں تو تہران محض دو دن کے اندر آبنائے ہرمز کو تمام بین الاقوامی تجارتی جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھول سکتا ہے۔ اپنے ایک اہم سفارتی بیان میں ایرانی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں جنگ کو طول دینے کا خواہاں نہیں اور تمام متنازع معاملات کے پرامن و سفارتی حل کے لیے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کو تیار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں سمندری راستوں کی بندش اور کشیدگی کی ذمہ داری بیرونی طاقتوں کی جارحانہ پالیسیوں پر عائد ہوتی ہے اور اگر پابندیاں اور حملے بند کر دیے جائیں تو حالات فوری معمول پر آ سکتے ہیں۔ سفارتی حلقوں نے ایرانی وزیرِ خارجہ کے اس بیان کو کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم اشارہ قرار دیا ہے۔








