ڈینگی 3

کراچی سمیت سندھ بھر میں 2ماہ کے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) کراچی سمیت سندھ بھر میں گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق رواں ماہ ستمبر اور اکتوبر کے دوران ڈینگی کے 2 ہزار 55 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں اکتوبر کے دوران 777 اور ستمبر میں 335 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔کراچی میں اکتوبر میں 495 اور ستمبر میں 448 ڈینگی کیسز رپورٹ کیے گئے۔

ضلع شرقی میں ڈینگی کے سب سے زیادہ 709 کیسز رپورٹ ہوئے۔اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کراچی میں 2369 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ڈینگی سے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی۔سندھ کے دیگر اضلاع میں رواں سال ڈینگی کے 2 ہزار 100 مجموعی کیسز رپورٹ ہوئے۔ حیدرآباد ڈویژن میں 992، میرپورخاص میں ایک ہزار 8، لاڑکانہ ڈویژن میں 33، سکھر میں 50 اور شہید بے نظیر آباد میں 17 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔ڈاکٹر عمر سلطان کا کہنا ہے کہ ڈینگی مخصوص مادہ مچھر کے کاٹنے سے ہوتا ہے، یہ مچھر خصوصاً صبح سویرے اور مغرب کے وقت کاٹتا ہے، یہ مچھر صاف پانی پر نشونما پاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کی علامات میں یکدم تیز بخار، جسم اور سر میں شدید درد شامل ہے جبکہ جسم پر لال دھبے سمیت ناک، کان اور منہ سے خون کا اخراج ہوتا ہے۔ڈاکٹر عمر سلطان کا کہنا تھا کہ ڈینگی میں انسانی جسم میں خون جمنے کی صلاحیت پیدا کرنے والے خلیوں کی کمی ہوجاتی ہے، پلیٹیلیٹس کی کمی سے انسانی جان جانے کا خدشہ موجود ہوتا ہے، ڈینگی ایک جان لیوا مرض ہے۔ماہرین صحت کے مطابق شہری مچھر کے کاٹنے سے بچاؤ کی اشیا کا استعمال کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے، شہری صحت بخش اور قوت مدافعت میں اضافے کرنے والی غذا کا استعمال بھی کریں، تیز بخار کی صورت میں فوری قریبی استعمال سے رجوع کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں