مصطفیٰ کمال 16

عوام کی خدمت ایک بڑی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،وزیر صحت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کیئر 1166 پر کام کرنے والے عملے کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، ہمدردی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا،عوام کی خدمت ایک بڑی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وفاقی وزیر صحت نے کیئر 1166 پاکستان کے پہلے سٹیزن سینٹرل پورٹل کے اجرا کے حوالے سے ایف ڈی آئی میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام کا بنیادی مقصد ملک کے ہر شہری کو صحت سے متعلق مسائل اور شکایات حکومت تک پہنچانے کے لیے ایک آسان اور موثر ذریعہ فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہری بھی صرف ایک فون کال کے ذریعے اپنی شکایات متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے۔ اس اقدام سے بالخصوص خواتین، غریب اور محروم طبقات کی آواز سرکاری اداروں تک پہنچانے میں آسانی ہوگی۔مصطفی کمال نے کہا کہ وزارتِ صحت کا مقصد صرف عوامی شکایات سننا نہیں بلکہ ان کا موثر اور بروقت ازالہ یقینی بنانا بھی ہے۔

انہوںنے کہاکہ کیئر 1166 کے ذریعے ملک بھر میں صحت کے مسائل کی حقیقی صورتحال سامنے آئے گی جس سے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے موثر اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کیئر 1166 کو عوامی خدمت، شفافیت اور جوابدہی کا موثر نظام بنایا جائے گا تاکہ ملک کے ہر شہری کو صحت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے حکومتی اداروں تک رسائی حاصل ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں