آٹے 12

کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے تک پہنچ گیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)شہر قائد میں آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے تک پہنچ گیا جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں بھی ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے تک میں فروخت ہورہا ہے، جبکہ حیدرآباد میں اس کی قیمت 2 ہزار 880 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ لاڑکانہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 620 روپے اور سکھر میں 2 ہزار 580 روپے تک میں دستیاب ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران خضدار میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 2 ہزار 700 روپے تک پہنچ گئی۔ بہاولپور میں آٹا 60 روپے، حیدرآباد میں 40 روپے جبکہ لاڑکانہ اور کوئٹہ میں 20،20 روپے فی تھیلا مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 133 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ راولپنڈی میں یہی تھیلا 3 ہزار 93 روپے 33 پیسے تک میں فروخت ہورہا ہے۔پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 100 روپے تک، بنوں میں 2 ہزار 900 روپے، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں 2 ہزار 800 روپے جبکہ لاہور میں 2 ہزار 300 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث شہریوں پر اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا مزید بوجھ پڑ رہا ہے، جبکہ کم آمدن والے طبقے کے لیے روزمرہ استعمال کی بنیادی غذا کی خریداری بھی مشکل ہوتی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں