کراچی(رپورٹنگ آن لائن) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری تعصب اور تفریق نہیں بلکہ شہر میں تعمیر و ترقی چاہتے ہیں۔شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ آج بھی کراچی کے مسائل کو تعصب اور تفریق کی نظر سے دیکھتے ہیں، جبکہ شہری ترقی اور بہتر سہولیات کے خواہاں ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ماضی میں مختلف مسائل میں الجھایا گیا، حتیٰ کہ انہیں گٹکا اور ماوا تک محدود کر دیا گیا۔میئر کراچی نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم کے دور سے پہلے شہر میں کام میرٹ پر ہوتا تھا، جبکہ بعد میں کراچی کے نوجوانوں کو قلم کے بجائے پستول تھما دی گئی۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا ایم کیو ایم کی ایک کال پر پورا شہر بند کر دیا جاتا تھا جب کہ گارڈن کے علاقے کے لوگوں کو ماضی میں پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج سے پمپنگ اسٹیشن چلا دیا گیا ہے اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، کراچی کو اب سیاسی تعصب اور تفریق کے بجائے تعمیر و ترقی، میرٹ اور بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے۔









