پاکستان ویمن

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

کرائسٹ چرچ (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی ،نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 45 اوورز میں 229 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر حاصل کر لیا پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض 62 اور نداڈار 54 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہیںـپاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے لنکن یونیورسٹی گرائونڈ پر کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دیـ

نیوزی لینڈ ایمی سٹرویٹ کے 80 اور میڈی گرین کے 54 رنز کی بدولت 229 رنز بنانے میں کامیاب رہی نیوزی لینڈ کی دیگر بلے بازوں میں جسکر 34 حیناروو 20 اور لیہ ٹاہو 10 رنز بنا کر نمایاں رہیں پاکستان کی جانب سے ناشرہ سندو نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 جبکہ فاطمہ ثنا اور غلام فاطمہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاـجواب میں پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی دوسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض 62 اور نداڈار 54 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہیں اس کے علاوہ سدرہ امین 34 ‘ عمیمہ سہیل 31 اور کپتان بسمعہ معروف نے 28 رنز بنائے نیوزی لینڈ کی جانب سے جسکر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاـ پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ دو مارچ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گیـ