ہائیکورٹ 12

میٹا رے بین سمارٹ گلاسز پر پابندی کا معاملہ وفاقی حکومت کے سپرد کرنے کی ہدایت

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے میٹا رے بین سمارٹ گلاسز پر پابندی کی درخواست پر تحریری حکم جاری کرتے ہوئے معاملہ پالیسی فیصلے کے لیے وفاقی حکومت کے سامنے رکھنے کی ہدایت کر دی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے شہری حسنین العابدین کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کیا عدالت نے ریمارکس دیئے کہ قومی ثقافت پر منفی اثر ڈالنے والی درآمدات کے لیے قانونی فریم ورک بنانے کی ضرورت ہے ۔سماعت کے دوران لا افسر نے اعتراف کیا کہ سمارٹ گلاسز کے ضابطے کے لیے تاحال کوئی قانون سازی نہیں ہوئی ۔

لاء افسر کے مطابق وفاقی حکومت اس معاملے پر وزارت داخلہ، وزارت آئی ٹی، پی ٹی اے اور ایف بی آر سے مشاورت کرے گی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ میٹا رے بین سمارٹ گلاسز پر پابندی کا معاملہ وفاقی حکومت کو بھیجا جائے جبکہ کسٹمز حکام کے مطابق معاملہ وزارت خزانہ کے دائرہ کار میں آتا ہے اور اس حوالے سے سمری وفاقی حکومت کو بھیجی جائے گی۔

حکام نے بتایا کہ سمارٹ گلاسز کو ممنوعہ اشیاء کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے بھی سمری وفاقی حکومت کو بھیجی جائے گی ۔لاء افسر نے مدعا علیہان کی جانب سے رپورٹس اور پیرا وائز کمنٹس عدالت میں جمع کرا دیئے ۔لاہور ہائیکورٹ نے متعلقہ محکموں کو باہمی مشاورت کے لیے مزید وقت دے دیا۔ کیس کی آئندہ سماعت 12نومبر 2026ء کو ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں