مراد علی شاہ 8

سندھ میں سیلاب متاثرین اور غریب خاندانوں کے لیے 10 لاکھ سے زائد گھر تعمیر کیے، مراد علی شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے غریب اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے اب تک 10 لاکھ سے زائد گھر تعمیر کیے ہیں، جبکہ گھروں کی تعمیر کا مجموعی ہدف 21 لاکھ سے زیادہ ہے۔ غربت کا خاتمہ اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ رواں سال یہ دن ”سب کے لیے محفوظ گھر” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو غربت کے خاتمے اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے مناسب رہائش کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ غربت محض مالی وسائل کی کمی کا نام نہیں بلکہ تعلیم، صحت، روزگار اور باعزت زندگی کے مواقع تک رسائی کا مسئلہ بھی ہے۔ معاشرے کے خصوصی افراد اور کمزور طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے غربت میں کمی اور مستحق خاندانوں کے تحفظ کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے ہیں۔ غربت میں کمی کے پروگرام کے تحت بلاسود قرضے، مالی معاونت اور ہنرمندی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ سماجی تحفظ اتھارٹی کے ماں اور بچے کی معاونت کے پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو شرائط سے منسلک نقد مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔

اتھارٹی نے غربت میں کمی، مستحق افراد کی شناخت اور فلاحی اقدامات کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے میں بھی کردار ادا کیا ہے۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے غریب طبقات کے سماجی تحفظ اور معاشی استحکام کے اقدامات کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ غربت سے پاک معاشرے کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں