شہباز شریف 11

ملک میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے ، وزیر اعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے ،نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے،کھیلوں کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں ،تربیت یافتہ کوچز اور مناسب وسائل فراہم کرنا ہوں گے،نوجوان کھلاڑیوں کو بلا امتیاز آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے،جہاں بھی ٹیلنٹ موجود ہے ،حکومت اسے بھرپور انداز میں فروغ دے گی،پاکستانی کھلاڑیوں نے ایشین گیمز میں دو چاندی اور آٹھ کانسی کے تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے،کھیلوں کے شعبے میں مزید اقدامات پر مشاورت کے لیے جلد سپورٹس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ۔

وہ ایشین گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپئن حسن سردار،سکواش کے سابق عالمی چیمپین جہانگیر خان بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے ایشین گیمز میں میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ۔وزیراعظم نے کہا کہ ایشین گیمز میں کھلاڑیوں نے شبانہ روز محنت اور اپنے والدین کی دعائوں سے چاندی کے دو اور کانسی کے اٹھ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے تاہم ابھی آگے بڑھنے کی بہت گنجائش ہے،پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ماضی میں ہر میدان میں کامیابیاں عطا کیں، ہاکی کے میدان میں ایک زمانے میں پاکستان کا طوطی بولتا تھا، حسن سردار، شہناز شیخ ،شہباز سینئر ،شہباز جونیئر، اختر رسول اور دوسرے کھلاڑیوں نے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیا، اسی طرح کرکٹ کے میدان میں بھی پاکستان نے جھنڈے گاڑے ، سکواش میں جہانگیر خان اور جان شیر خان نے پاکستان کا نام روشن کیا جو دنیا کی سپورٹس کی تاریخ کا سنہرا باب ہے،

اسی طرح فٹبال اور دوسری کھیلوں کے شعبوں میں بھی ہمارے کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،ہماری خواتین کھلاڑی کرکٹ اور ہاکی کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں،فٹ بال، والی بال، کبڈی اور کھیلوں کے تمام شعبوں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اجتماعی کوششیں ،تربیت یافتہ کوچز اور مناسب وسائل فراہم کرنا ہوں گے،نوجوان کھلاڑیوں کو بلا امتیاز آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے،جہاں بھی ٹیلنٹ موجود ہے حکومت اسے بھرپور انداز میں فروغ دیگی، ملک میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی پی آئی اے ،ریلویز، واپڈا اور دیگر سرکاری ادارے کھلاڑیوں کی سرپرستی کرتے تھے ،پی ڈی ایم کی حکومت میں ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کا مطالبہ کیا گیا تو میں نے فوری طور پراس نظام کو بحال کرنے کے احکامات جاری کیے،پنجاب، سندھ ،خیبر پختون خواہ، بلوچستان ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں بھی جہاں بھی ٹیلنٹ موجود ہو اسے سامنے لانا چاہیے،

نوجوان کھلاڑیوں کو حکومت آگے بڑھنے کے تمام مواقع فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں میں انعامی چیکس کی تقسیم ان پر کوئی احسان نہیں یہ ان کا حق ہے،کھیلوں کے شعبے میں مزید اقدامات پر مشاورت کے لیے جلد سپورٹس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا،سپورٹس کانفرنس میں وفاقی و صوبائی حکام ،ماضی کے کھلاڑیوں اور سپورٹس سٹارز کو مدعو کیا جائے گا تاکہ کھیل کے میدان میں پاکستان کا ماضی کا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے اور کامیابی کے جھنڈے گاڑے جا سکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے تعلیم، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، آرٹس، ثقافت اور کھیلوں میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لئے پرعزم ہیں ۔وزیراعظم نے ای سپورٹس کو کھیل قرار دینے اور ای سپورٹس پالیسی و فیڈریشن کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اقدامات سے پاکستان میں کھیلوں کی بحالی کا عمل جاری ہے،وزیراعظم نے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں وزیراعظم ہائوس مدعو کیاہے،حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور کھیلوں کے قومی لیجنڈز حکومتی اقدامات میں شراکت دار ہیں،امید ہے پاکستانی کھلاڑی آئندہ اولمپکس اور ایشین گیمز میں مزید بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپئن حسن سردار نے کہا کہ میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر وزیراعظم کے مشکور ہیں،ایشین گیمز میں میڈلز جیت کر پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو شاباش دیتا ہوں،قومی کھلاڑیوں کو مستقل ملازمتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ کھیل پر توجہ دے سکیں،ماضی میں قومی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی سے اولمپکس اور ورلڈ کپ میں گولڈ میڈلز جیتے۔سابق عالمی سکواش چیمپئن جہانگیر خان نے کہا کہ ایشین گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل ستائش ہے،

وزیراعظم ہائوس میں کھلاڑیوں کی پذیرائی خوش آئند ہے۔پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے،عزم اور واضح وژن کے ساتھ عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں،عالمی سطح پر مقابلوں میں کامیابی کے لئے سخت محنت، عزم اور وژن درکار ہے،ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،ڈیپارٹمنٹل سپورٹس نے پاکستان کو عالمی معیار کے کھلاڑی دیئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے،درست سمت، مسلسل محنت اور سرپرستی سے بڑے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر مکسڈ مارشل آرٹ میں تمغہ جیتنے والے کھلاڑی نے اپنے تاثرات بیان کیے۔وزیراعظم نے ایشین گیمز میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں میں چیکس بھی تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں