نہال ہاشمی 10

غربت کے خاتمے کے لیے محفوظ اور سستی رہائش کی فراہمی ضروری ہے، گورنر سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ محفوظ، خوشحال اور باوقار معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ ہر شہری کو محفوظ، مناسب اور قابلِ استطاعت رہائش فراہم کرنا غربت میں کمی اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ غربت محض مالی امداد کی کمی کا نام نہیں بلکہ اس کے خاتمے کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولتوں تک رسائی یقینی بنانا اور بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی ضروری ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو سستی رہائش اور سماجی تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

حکومت، نجی شعبے اور معاشرے کے تمام طبقات کو غربت میں کمی اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وڑن کے مطابق وزیراعظم یوتھ ڈیجیٹل حب نوجوانوں کو روزگار، تعلیمی وظائف، کاروباری قرضوں اور دیگر سہولتوں تک رسائی فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور کاروبار کے مواقع فراہم کرکے معاشی طور پر خودمختار بنایا جاسکتا ہے۔ غربت سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے اجتماعی کوششیں، مؤثر حکمتِ عملی اور عملی اقدامات ضروری ہیں تاکہ ہر شہری کو باعزت زندگی اور ترقی کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں