عرفان ملک

نوجوان پاکستانی نژاد امریکی کرکٹر دوران میچ انتقال کر گیا

نیو یارک(رپورٹنگ آن لائن)نوجوان پاکستانی نژاد امریکی کرکٹر دوران میچ انتقال کر گیا، نیویارک کے علاقہ برونکس میں کرکٹ میچ کے دوران عرفان ملک کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔پاکستانی نژاد امریکی کرکٹر 44سالہ عرفان ملک ، کامن ویلتھ لیگ میں اپنی ٹیم اسٹرائیکرز کی جانب سے وین کورٹ لینڈ گراﺅنڈ میں یونائیٹڈ کنگز کرکٹ ٹیم کے خلاف میچ کھیل رہے تھے۔

بیٹنگ کے منتظر عرفان ملک پیاس محسوس ہونے پر پانی لینے جاتے ہوئے اچانک زمین پر گر پڑے۔قریبی اسپتال میں طبی امداد کے دوران ڈاکٹرز نے عرفان ملک کی موت کی تصدیق کر دی۔

پاکستان میں سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے مرحوم عرفان ملک کے پسماندگان میں بیوہ اور پانچ بچے شامل ہیں۔ان کی رحلت سے نیویارک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں غم کی لہر دوڑ گئی۔