لاہور(رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں بابر اعظم پی ایس ایل جیتے، وہ بے چارا کافی عرصے سے کوشش کر رہا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں حیدرآباد کنگز مین کے ہاتھوں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ انجری سے واپس آنا کوئی آسان کام نہیں تھا، حنین شاہ نے ہمیشہ فائٹ کی، اور پوری لیگ میں غیر معمولی باؤلنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کنگز مین کے پاس مومینٹم اچھا بنا ہوا ہے، فیلڈنگ بھی بہت اچھی رہی اور رنز بچائے، ہمیں ڈیتھ باؤلنگ میں بہتری کی ضرورت تھی، مجھ سے بھی اچھی ہٹنگ نہیں ہوئی، مومینٹم نہیں مل سکا، حیدر علی نے مومینٹم دلایا لیکن اس کے بعد وہ آؤٹ ہوگئے۔
شاداب خان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کے فیصلے کو بالکل درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اچھی چیز یہ ہے کہ میچ کی وجہ سے سب نے انجوائے کیا، میں ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ ٹو ڈاؤن نہیں کھیل رہا تھا، ہمارا کمبی نیشن ہی ایسا بنا ہوا تھا۔









