لاہور ویسٹ مینجمنٹ 46

عیدالاضحی، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کا بڑا پلان، افسروں سمیت ملازمین کی چھٹیاں بند

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)عیدالاضحی کے موقع پر لاہور میں صفائی اور آلائشوں کے بروقت اخراج کےلئے ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی نے بڑا آپریشنل پلان تیار کر لیا ۔ حکام کے مطابق عید کے دوران تقریبا 7 سے 8 لاکھ جانوروں کی قربانی کا تخمینہ ہے، جبکہ شہر بھر میں 20 لاکھ سے زائد گھروں سے آلائشیں اور فضلہ اٹھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،پلان کے مطابق لاہور کی 10 تحصیلوں اور 274 یونین کونسلز میں صفائی کا مربوط نظام بنایا گیا ہے، جبکہ عید کے چار روزہ آپریشن کے دوران 20 ہزار سے زائد ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے شہریوں میں 15 لاکھ بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگز تقسیم کیے جائیں گے تاکہ فضلہ مناسب طریقے سے جمع کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ 450 ٹن چونا اور 19 ہزار لیٹر فینائل بھی صفائی مہم میں استعمال کیا جائے گا۔ عید کے دوران شہر بھر میں 1271 منی ڈمپرز، پک اپس اور 80 ٹرالیز فضلہ اٹھانے کے لیے متحرک رہیں گی۔ اس مقصد کے لیے 103 عارضی کلیکشن پوائنٹس اور 30 ماڈل کیمپس قائم کیے جائیں گے، جبکہ مجموعی طور پر 319 عید کیمپس بھی آپریشن کا حصہ ہوں گے۔ پلان کے مطابق پورے شہر کو دو سرکلز میں تقسیم کر کے ہر ٹان کی الگ میپنگ کی گئی ہے، جبکہ تمام کلیکشن پوائنٹس کو نقشے پر مارک کر کے ٹیموں کو لائیو ٹریک کیا جائے گا۔

حکام نے ہدایت کی ہے کہ ہر کلیکشن پوائنٹ سے فضلہ 4 گھنٹے کے اندر اندر اٹھایا جائے۔ عید کے تین دنوں میں 3 لاکھ ٹن سے زائد جانوروں کا فضلہ ٹھکانے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ سب سے زیادہ مشینری نشتر ٹان میں تعینات کی جائے گی جہاں 133 ڈمپرز اور 180 پک اپس آپریشن کا حصہ ہوں گے۔ انتظامیہ کے مطابق جانوروں کے اعضا جلانے، غیر قانونی ڈمپنگ اور فروخت کی روک تھام کے لیے سخت کارروائی کی جائے گی اور عید کے دوران دفعہ 144 نافذ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ فضلہ بردار گاڑیوں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس سے رابطہ کر لیا گیا ہے، تاکہ 24 گھنٹے کلیکشن آپریشن جاری رہ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں