لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) سینئرصوبائی مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر میں ماحولیاتی تحفظ اور جنگلات کی دیکھ بھال اولین ترجیح قرار دی گئی ہے، حکومت کی ماحول دوست پالیسیوں پر موثر عملدرآمد جاری ہے تاکہ ماحولیاتی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔
جھنگ برانچ نہر کے قریب RD 30ـ32 پر آتشزدگی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، تاہم محکمہ جنگلات کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا گیا۔ آگ راہگیر کی لاپرواہی سے لگی، جس پر محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے مشترکہ طور پر قابو پایا۔کارروائی میں 100 سے زائد تربیت یافتہ اہلکاروں اور ریسکیو کی تین گاڑیوں نے حصہ لیا۔ آگ سے صرف جھاڑیاں اور چھوٹے پودے متاثر ہوئے، جبکہ درخت اور بنیادی جنگلی حیات محفوظ رہی۔
اس کے علاوہ موسم گرما میں آگ لگنے کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے اس حوالے سے عوام کو چاہیے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ آگ سے نمٹنے کیلئے محکمہ جنگلات کی ریسپانس ٹیم ہر وقت الرٹ، تربیت یافتہ اور مکمل طور پر فعال ہے۔ جنگلات کے تحفظ میں بین الادارہ جاتی تعاون اور مقامی کمیونٹی کی شمولیت کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔