شرجیل انعام میمن 30

کراچی: ریڈ لائن بی آر ٹی کراچی کے مستقبل کی شہ رگ ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ صرف ایک ترقیاتی اسکیم نہیں بلکہ کراچی کے مستقبل کی شہ رگ ہے، جو شہریوں کو جدید، ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اس اہم عوامی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو سفری مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام دوبارہ پوری رفتار سے شروع کر دیا گیا ہے اور آئندہ دو سے تین ماہ کے اندر شہریوں کو واضح بہتری محسوس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ زیرِ تعمیر حصوں کو مرحلہ وار بحال کرتے ہوئے ٹریفک کے لیے کھولا جائے تاکہ روزمرہ سفر کرنے والے شہریوں کو کم سے کم دشواری کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ بڑے ترقیاتی اور میگا پروجیکٹس کے دوران عوام کو وقتی مشکلات اور ٹریفک کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم حکومت سندھ کو اس صورتحال کا مکمل احساس ہے اور شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور متبادل راستوں کی موثر نگرانی کے لیے متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مفادِ عامہ کو ترجیح دیتے ہوئے حکومت سندھ نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف سطحوں پر مشاورت کے بعد مثر فیصلے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلابی تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ نہ صرف شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، ایندھن کی بچت اور ٹریفک کے دبا میں کمی کا باعث بھی بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کراچی کے عوام کو عالمی معیار کی پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ یہ منصوبہ مستقبل میں کراچی کے لاکھوں شہریوں کے لیے سہولت اور آسانی کا سبب بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں