اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان عدلیہ کے وقار اور خودمختاری کا تحفظ یقینی بنائیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ کے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے قائد اور کارکنوں کو انصاف دلانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور کارکنوں کے خلاف تمام مقدمات بے بنیاد ہیں اور عدلیہ کو فیصلے میرٹ پر کرنے چاہئیں۔اسد قیصر نے کہا کہ ابھی عدالتی فیصلے سامنے نہیں آتے مگر ان کے نتائج عوام کو پہلے ہی معلوم ہوتے ہیں، جو شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں حکومتی بنچوں میں تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے،
جو آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ اور تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان سے مطالبہ کیا کہ عدالتی نظام کے وقار اور خودمختاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم نے پاکستان کے نظامِ انصاف کو متاثر کیا ہے اور پی ٹی آئی ہر فورم پر اس کے خلاف آواز بلند کرے گی۔