تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کو آسانی سے دبایا یا جھکایا نہیں جا سکتا اور ایسا کرنے والوں کو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میجر جنرل امیر حاتمی نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلط کی گئی جنگ کا درد صرف ایرانی عوام نے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا نے محسوس کیا ہے اور ایران جنگ کے تمام اخراجات اکیلے برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کی مدد یا حمایت کرنے والے فریقوں کو بھی جنگ کی قیمت چکانا ہوگی اور مستقبل میں دشمن کے لیے شرائط مزید سخت کی جا سکتی ہیں۔ ایرانی فوجی سربراہ نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی دبا کے تحت قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔








