سلمان اکرم راجہ 12

5 اگست کو ملک گیر یومِ سیاہ اور پرامن احتجاج کیا جائے گا، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کی قید کے تین سال مکمل ہونے پر 5 اگست کو ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا اور تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے آئینی اور جمہوری حقوق استعمال کرتے ہوئے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔

اتوار کو جاری بیان میں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کی قید تین سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں پرامن احتجاج کے ذریعے عوام اپنے مؤقف کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کے دائرے میں جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کے مطابق عمران خان کی قید ناانصافی اور عوامی مینڈیٹ پر حملوں کی علامت بن چکی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دیا، تاہم فارم 47 کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کیا گیا۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جمہوریت، آئین، عدلیہ کی آزادی اور عوام کے ووٹ کو نقصان پہنچانے والوں کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی سوچ زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین شہریوں کو بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے، جن میں آزادانہ نقل و حرکت، پرامن اجتماع، سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور آزادی? اظہار کے حقوق شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کا استعمال کریں اور پرامن انداز میں اپنی آواز بلند کریں۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی مشکلات، مہنگائی، بے روزگاری، صنعتی جمود اور زرعی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق کسانوں کو درپیش مسائل اور گندم کے بحران سے متعلق ذمہ دار عناصر کا شفاف احتساب ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست کو ہونے والا احتجاج ان کے بقول آئین، جمہوریت، عوامی مینڈیٹ اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کا حصہ ہوگا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں میں عوامی رابطہ مہم مزید تیز کی جائے گی اور 5 اگست کو مختلف سطحوں پر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکن آئین، انصاف اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن اور آئینی طریقے سے اس مہم میں حصہ لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں