راجہ پرویز اشرف 12

25 جولائی کا مینارِ پاکستان جلسہ پیپلز پارٹی کے وقار کا امتحان ہے’راجہ پرویز اشرف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 25جولائی کو مینار پاکستان جلسہ ہمارا اور پارٹی کے وقار کا امتحان ہے،کامیابی کا پہلا قدم اتفاق،محبت اور آگے بڑھنے کا جذبہ ہوتا ہے،آپکے چمکتے دمکتے چہرے دیکھ کر یقین ہے کہ 25جولائی کا جلسہ کامیاب ہو گا، جب لاہور اٹھتا ہے تو پوری دنیا میں پیپلز پارٹی کا نام گونجتا ہے۔

وہ پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام جوہر ٹائون آفس میں 25جولائی کے مینار پاکستان جلسے کی تیاریوں ،پی پی پی لاہور کی نئی ویب سائٹ کے افتتاح اور ٹائون عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر میاں شاہد عباس مجید غوری،خرم فاروق،احمد گھمن ،اسجد ملک،اصغر بھٹی،منیر ڈگرا،عامر نصیر بٹ،آغا تقی،شاہدہ جبیں ،طاہرہ جالب حسن اشرف،شاویز ندیم،احمد رضا شاہ ،ازین گلزار،رانا ٹیپو،افراز نقوی سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔قبل ازیں جب سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف پیپلز پارٹی لاھور آفس پہنچے تو ڈویژنل صدر فیصل میراور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عائشہ نے معزز مہمان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اورجیالوں نے نعرے لگائے۔عمران ڈوگر نے پیپلز پارٹی لاہور کی نئی ویب سائٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ویب سائٹ پر 66946ممبرز کی رکنیت مکمل کر لی گئی ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی لاہور نے پورے شہر میں ہلچل مچا دی ہے،فیصل میر نے مینار پاکستان کا جلسہ کرنے کا بڑا اعلان کیا ہے،آج آپکی تیاریاں دیکھ کر نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بہت کامیاب جلسہ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ آپ جلسے میں اپنے ساتھ فیملی،دوست اور ساتھی لیکر آئیں،میں بھی جلسے میں پارٹی پرچم اٹھا کر شریک ہوں گا۔ اگلے 15دن ہر کارکن نے جلسے کی بھر پور منصوبہ بندی کرنی ہے اورکوئی ورکر جلسے میں اکیلا نہ جائے،دوست اور اہلخانہ لیکر جائے،پھر مینار پاکستان بھرنے سے کوئی آپ کو نہیں روک سکتا۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ سب کو ساتھ لیکر چلنا ہی لیڈر شپ ہوتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی لاہور کے صدر فیصل میر نے کہا کہ میری پیچھے اصل طاقت سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی ہے۔25جولائی کولاوہر کے دس ٹائونز سے جیالوں کے قافلے مینار پاکستان پہنچیں گے،ہر ٹائون کو دس ہزار کارکن جلسے میں لانے کا ٹارگٹ دیا ہے اورجلسے کی تیاریوں کے لئے 25کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جلسے کی رات صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جائے گا۔ڈاکٹرعائشہ شوکت نے کہا کہ آپ کے اعتماد اور نامزدگی کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے،

لاہور میں انشا اللہ قیادت کو تبدیلی نظر آئے گی۔مجید غوری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں لاہور میں کم بیک کیا ہے،انشاء اللہ انکی قیادت میں 25جولائی کو وزیر اعظم بلاول بھٹو کے نعرے گونجیں گے،پیپلز پارٹی میں فیصل سپیڈ بہت تیزی سے کام کر رہی ہے،ہم25جولائی کو دس ہزار رکشوں پر پیپلز پارٹی کا جھنڈا لہرائیں گے۔میاں شاہد عباس نے کہا کہ فیصل میر اور اسکی ٹیم اسوقت حالت جنگ میں ہے، اس موقع پر ٹی ایل پی اور (ن) لیگ کے کارکنوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں