لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ق)کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ ہم نے ہر دور میں تقدیس رسالت کی خاطر وقت کی تیز ہواوں سے بغاوت کی۔ بی جے پی رہنماں کی حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے سینئر رہنما چودھری پرویز الہی نے کہا کہ بی جے پی رہنماوں کی توہین آمیز بیانات سے عرب دنیا کی آنکھیں کھل جا نی چاہیے۔
چودھری پرویز الہی نے کہا کہ خاص کر متحدہ عرب امارات اور یو اے ای کو چاہیے کہ فوری طور پر انڈین مصنوعات کا نہ صرف بائیکاٹ کرے بلکل ان کی لیبر کو واپس بھیج دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو انتہا پسندی کی وجہ سے بھارت میں مسلمان، سکھ، عیسائی سمیت تمام اقلیتی ہندوتواکا شکار ہیں، توہین رسالت کے مرتکب کو جب تک سزا نہیں دی جاتی تب تک مسلمان اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ہمارا تن من دھن خاتم النبین حضرت محمد ﷺپر قربان ہے ، ہم نے ہر دور میں تقدیس رسالت کی خاطر وقت کی تیز ہواوں سے بغاوت کی ہے۔ دوسری جانب مونس الہی کا کہنا تھا کہ گستاخانہ بیانات کو روکا نہ گیا تو عالمی سطح پر نفرت پھیلنے کا خدشہ ہے، ہندوستان کی اس حرکت کی وجہ سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔









