محمد جاوید قصوری 9

سیاسی محاذ آرائی سے مسائل حل نہیں ہونگے، حکومت کو عوام کی آواز سننی پڑے گی’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کی دستخطی مہم جاری ہے، جماعت اسلامی اس مہم کے ذریعے عوام کو متحرک کر رہی ہے تاکہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرکے شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے، جماعت اسلامی کے نزدیک پٹرولیم مصنوعات پر اضافی مالی بوجھ صرف ایندھن تک محدود نہیں رہتا بلکہ ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ بجلی اور گیس کے ہوشربا بل ادا کرتے کرتے شہریوں کی سکت جواب دے چکی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ٹیکسوں اور مختلف محصولات کا بوجھ ڈال رہی ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے، کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات اور روزگار کے محدود مواقع نے لاکھوں خاندانوں کو معاشی عدم تحفظ سے دوچار کر رکھا ہے۔ تنخواہ دار طبقہ، مزدور، چھوٹے تاجر اور محنت کش افراد اپنی آمدن کا بڑا حصہ بجلی، گیس، پٹرول، کرایوں اور روزمرہ ضروریات پر خرچ کرنے پر مجبور ہیں۔ ایسے حالات میں محض اعلانات اور عارضی ریلیف پیکیجز کافی نہیں، بلکہ حکومت کو ایسی پائیدار معاشی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی جس کے ثمرات براہ راست عام آدمی تک پہنچیں۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں اور بلوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو صارفین کے ساتھ صنعتوں، چھوٹے کاروباروں اور تجارتی مراکز کو بھی متاثر کیا ہے۔ پیداواری لاگت بڑھنے سے کاروبار کے لیے مشکلات پیدا ہوتی ہیں اور اس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور روزگار کے مواقع پر بھی پڑتے ہیں۔ حکومت کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات، غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کمی اور عوام پر عائد مالی بوجھ کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہییں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مزید کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور معاشی انصاف یقینی بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

بے روزگاری کے خاتمے، نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم لیوی کے خاتمے، بجلی و گیس کے بلوں میں عوام کو ریلیف دینے، ٹیکسوں کے غیر منصفانہ بوجھ میں کمی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے واضح اور قابلِ عمل لائحہ عمل پیش کرے۔ سیاسی محاذ آرائی سے مسائل حل نہیں ہونگے، حکومت کو عوام کی آواز سننی پڑے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں