اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ نہال ہاشمی کی وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کے حالیہ کردار اور ایران-امریکا مذاکرات میں سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی، اسلام آباد میں کامیاب مذاکرات کے انعقاد پر وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کے کردار کو سراہا گیا، جبکہ فریقین نے بھی پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو خطے میں امن کیلئے اہم قرار دیا ہے۔
اس موقع پر سندھ میں ML-1 پراجیکٹ سمیت پاکستان ریلوے کے دیگر منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، ریلوے انفراسٹرکچر کی بہتری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ گورنر سندھ اور وزیر ریلوے بیس اپریل کو کراچی میں بین الاقوامی معیار کے تعلیمی ادارے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے، اور کراچی میں قائم ہونے والے ملک کے پہلے آئی بی ورلڈ سکول کا افتتاح وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کریں گے۔
اس موقع پر عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ تعلیم کے فروغ اور عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔









