فیصل کریم کنڈی 7

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ضلع ہنگو میں فتن الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتن الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ہفتہ کو گورنر آفس سے جاری بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کیپٹن حمزہ اکرم نیبہادری اور جرات کی بے مثال داستان رقم کی اور وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں