اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کی بھارتی قسم تیزی سے پھیلتی ہے، عید کی چھٹیوں میں احتیاط کی ضرورت، ویکسی نیشن نہ کرانیوالوں کو سیاحتی مقامات پر دشواری ہوسکتی ہے، ویکسین نہ لگوانے والوں کو 7 گنازیادہ خطرہ ہوتا ہے ۔ جمعہ کو معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کرونا وباءکی بھارتی قسم بہت خطرناک ہے، یہ تیزی سے پھیلتی ہے، اس کے اثرات پاکستان میں نظر آنا شروع ہو گئے ہیں، پاکستان میں اس کے پھیلنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں، ایس او پیز پر عمل کریں، ماسک پہنچیں، عید کی چھٹیوں میں پرہجوم مقامات پر جانے سے پرہیز کریں، ویکسین لگوائیں، ویکسین لگوا کر ہی سیاحتی مقامات پر جائیں، ایسا نہ ہو آپ کی تفریح دوسروں کی موت کا سبب بن جائے، بغیر ویکسین لگوائے سیاحتی مقامات پر نہ جائیں، سیاحتی مقامات پر جانے کےلئے ویکسین لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ2کروڑ 21 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، 1 کروڑ 70لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی گئی، 62لاکھ لوگوں کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جا چکی ہیں، گزشتہ پانچ روز میں پانچ لاکھ سے زائد لوگوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے عوام سے گزارش ہے کہ جلد از جلد ویکسین لگائیں، ویکسین کا بڑا ذخیرہ موجود ہے،
ہم اس سے بھی زیادہ روزنانہ ویکسین لگا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 3فروری سے ویکسین لگنا شروع ہوئیں اب تک ساڑھے چار لاکھ کیسز سامنے آئے جو کل آبادی کا 0.3فیصد بنتا ہے، جن لوگوں نے ویکسین کی سنگل ڈوز لگوائی ان میں سے 9917کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ 0.08فیصد ہے،جن لوگوں نے دونوں ڈوز لگوائیں ان میں ساڑھے پانچ ہزار کورونا کیسز سامنے آئے،جولائی تک 43لاکھ لوگوں نے مکمل ویکسین لگوائی جن میں 0.04فیصد کی شرح سے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے،18 سے زائد عمر کے لوگوں میں کورونا ویکسین لگوانے والوں میں سے ہر 333پاکستانیوں میں سے ایک کو کورونا ہوا لیکن جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ان میں 1250میں سے صرف ایک کو کورونا وائرس نے متاثر کیا،ویکسین لگوانے والوں کی نسبت ویکسین نہ لگوانے والوں کو کورونا وائرس ہونے کا خطرہ 7گنا زیادہ ہے،
اس لئے ویکسین لگوانا ضروری ہے، کورونا وباءسے بچنے کا واحد حل ویکسین ہی ہے، لوگ ویکسین لگوائیں تا کہ تمام لوگ آزاد ہو کر کام کر سکیں۔اس موقع پر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں روزانہ اڑھائی ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز سامنے آرہے ہیں، مثبت کیسز کی شرح 6فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ مظفر آباد میں 21،گلگت میں 22اور کراچی میں یہ شرح 20فیصد ہے،کورونا کیسز کی شرح بڑھنے سے ہسپتالوں میں دباﺅ بڑھ رہا ہے، کورونا وباءکی بھارتی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے، خدا را ماسک پہنچیں، پرہجوم جگہوں پر مت جائیں، ویکسین لگوائیں اسی کے ذریعے کورونا وباءسے بچا جا سکتا ہے۔






