اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دیوالی خوشی، روشنی اور امن کا پیغام ہے،پاکستان مختلف مذاہب، تہذیبوں اور ثقافتوں کا حسین گلدستہ ہے،پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔
قومی اسمبلی ڈائریکٹوریٹ جنرل میڈیا سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے،
ہندو برادری کا ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں کردار قابلِ تحسین اور ہندو اراکینِ پارلیمنٹ کا قانون سازی میں کردار قابلِ ستائش ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پارلیمان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،دیوالی امن، محبت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام ہے۔








