محمد جاوید قصوری 8

علامہ اقبال کا پیغام ہمیں خودی، اتحاد، اخوت، عدل اور عمل کا درس دیتا ہے،جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے شاعرِ مشرق، حکیم الامت علامہ محمد اقبال محض ایک عظیم شاعر نہیں بلکہ ایک مفکر، فلسفی اور بیدار مغز رہنما تھے، جنہوں نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ قومی تشخص، خودی کا شعور اور آزاد وطن کا تصور دیا، ان کے افکار آج بھی پاکستان کی نظریاتی، فکری اور قومی رہنمائی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم اقبال کے موقع پر تقریب سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو غلامی، مایوسی اور احساسِ کمتری سے نکال کر خود اعتمادی، خودداری اور عملی جدوجہد کا راستہ دکھایا۔ ان کا تصورِ پاکستان دراصل ایک ایسی آزاد ریاست کا خواب تھا جہاں مسلمان اپنے دین، تہذیب، ثقافت اور اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ 1930ء کے خطبہ الٰہ آباد میں پیش کیا گیا ان کا تصور برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد میں سنگِ میل ثابت ہو۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ افسوس ناک امر ہے کہ آج پاکستان کو جن معاشی، سیاسی، تعلیمی اور سماجی مسائل کا سامنا ہے، ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم نے علامہ اقبال کے افکار اور ان کے خواب کی حقیقی روح کو فراموش کر دیا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، طبقاتی تقسیم، کرپشن، ناانصافی اور نوجوانوں میں مایوسی ہمارے قومی نظام کی کمزوریوں کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان کو محض نعروں اور تقریروں سے نہیں بلکہ دیانت دار قیادت، مضبوط اداروں، انصاف کی فراہمی اور عوامی فلاح کے عملی اقدامات سے ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کا شاہین بلند پروازی، خود اعتمادی، جرات اور مسلسل جدوجہد کی علامت ہے۔ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔ انہیں مایوسی کے بجائے علم، تحقیق، کردار سازی، جدید ٹیکنالوجی اور مثبت قومی سرگرمیوں پر توجہ دینی چاہیے۔ حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، روزگار کے مساوی مواقع اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام ہمیں خودی، اتحاد، اخوت، عدل اور عمل کا درس دیتا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اقبال کے خواب کو محض تقریبات اور تقاریر تک محدود نہ رکھیں بلکہ پاکستان کو ایک اسلامی، خوشحال، خودمختار اور انصاف پر مبنی ریاست بنانے کے لیے عملی جدوجہد کریں۔ یہی شاعرِ مشرق کو حقیقی خراجِ عقیدت اور نئی نسل کے لیے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں