کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے سندھ بھر میں مندروں، مذہبی مقامات اور تقریبات کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔اپنے پیغام میں ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ دیوالی روشنی، خوشیوں، امن اور امید کا تہوار ہے، جو محبت، بھائی چارے، باہمی احترام اور مذہبی ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔
پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اقلیتوں کے مذہبی حقوق، آزادی اور جان و مال کے تحفظ کے لیے پْرعزم ہے۔ سندھ دھرتی صوفیائے کرام کی سرزمین اور رواداری، برداشت و مذہبی ہم آہنگی کی امین ہے، حکومت دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ دیوالی کے موقع پر مندروں اور دیگر مذہبی مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے، جبکہ تقریبات کے دوران پولیس گشت اور نگرانی کا مؤثر نظام برقرار رکھا جائے۔
حساس مقامات پر خصوصی حفاظتی اقدامات اور داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے تمام ضلعی پولیس افسران کو سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے اور متعلقہ افسران سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ دیوالی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور اقلیتی برادری کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔









