کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)میڈیا معاون برائے وزیر داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی مردہ سیاسی ساکھ بحال کرنے کے لیے اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں، انہیں یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ عوامی نیشنل پارٹی خود صوبائی حکومت کی اتحادی جماعت ہے۔
اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کے ایک ایک انچ پر صوبائی حکومت کی رٹ برقرار ہے۔ بہادر سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہے ہیں، امن و امان کے قیام کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں اور دہشت گرد عناصر کا بھرپور محاسبہ کر رہے ہیں۔ کسی بھی شرپسند یا دہشت گرد کو بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد، سیاسی مشاورت اور اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہیں، تاہم ایسے فورمز کو محض صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر بے بنیاد تنقید کے لیے استعمال کرنا بچگانہ سیاست ہے۔
بلوچستان کے حساس حالات سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے سنجیدگی، اتحاد اور مشترکہ ذمہ داری کے متقاضی ہیں۔معاون برائے داخلہ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی آئینی اور انتظامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت امن و امان کی بحالی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔بابر یوسفزئی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم صوبے کا امن، عوام کا تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔









