سید یوسف رضا گیلانی 10

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا سابق صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سابق صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ ذوالقرنین خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے صاحبزادے راجہ بابر علی ذوالقرنین سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کے والد کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ راجہ ذوالقرنین خان ایک اہم سیاسی و عوامی شخصیت تھے جنہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی اور جمہوری زندگی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی خدمات اور عوامی فلاح کے لیے کاوشیں قابلِ قدر ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کشمیر کاز کے لیے راجہ ذوالقرنین خان کی خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آزاد جموں و کشمیر اور کشمیر کاز کے لیے ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ راجہ ذوالقرنین خان کا انتقال آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی و عوامی زندگی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کی سیاسی بصیرت، عوامی خدمات اور کشمیر کے لیے جدوجہد کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں