آصف علی زرداری 9

پاکستان کی ہندو برادری قومی زندگی کا لازمی حصہ ہے، مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،آصف زرداری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے دیوالی کے پرمسرت موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ہندو برادری قومی زندگی کا لازمی حصہ ہے، مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو 8 نومبر کو منائی جا رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے جو برائی پر اچھائی، تاریکی پر روشنی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے، اس کا ہمدردی اور تجدید کا پیغام ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم میں سے ہر ایک محبت، سمجھ بوجھ، ہمدردی اور دیکھ بھال کے ذریعے دوسروں کی زندگیوں میں روشنی لا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری ہماری قومی زندگی کا لازمی حصہ ہے۔ پاکستان کی ہندو برادری نے تعلیم، صحت، کاروبار، عوامی خدمت، سماجی بہبود، فنون اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ صدر مملکت نیان خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پر اس کے تمام شہریوں کا یکساں حق ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا جہاں مذہب، ذات پات یا عقیدہ مساوی شہریت اور مساوی حقوق کی راہ میں رکاوٹ نہ ہو۔

ہمیں اس تصور کی پاسداری کرتے ہوئے یقینی بنانا ہوگا کہ ہر شہری آزادانہ طور پر اپنے مذہب پر عمل کر سکے، باوقار زندگی گزارے اور اسے قانون کے تحت یکساں تحفظ حاصل ہو۔صدر مملکت نے کہا کہ ان کے نزدیک قائداعظم کا مساوی شہریت کا وعدہ ایک مقدس قومی عہد ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی روایت جسے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے آگے بڑھایا، بھی بلاخوف و رعایت اس وعدے کے تحفظ کا تقاضا کرتی ہے۔ کسی پاکستانی کو اپنے مذہب کی بنیاد پر اپنی وطن سے وابستگی ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔

یہ ملک ان کا گھر، اس کی آزادیاں ان کا حق اور اس کا مستقبل سنوارنا ان کا اختیار ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دیوالی پاکستانیوں کے درمیان باہمی اتحاد کے رشتوں کو مضبوط بنانے کا بھی موقع ہے۔ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو کر، مشکلات میں ساتھ دے کر اور تعصب و امتیاز کو مسترد کرکے ہم زیادہ منصفانہ اور ہمدرد معاشرے کی تشکیل کر سکتے ہیں۔ ہمارا تنوع ہماری کمزوری نہیں بلکہ عظیم طاقت ہے۔ ہم سب پر واضح ہونا چاہیے کہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ جب خاندان جمع ہو کر دعا کریں گے اورچراغ روشن کرکے خوشی منائیں گے تو میری نیک تمنائیں تمام تہوار منانے والوں کے ساتھ ہوں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ دیوالی کی روشنیاں گھروں میں خوشیاں، مشکلات سے دوچار افراد کے لیے سکون اور آنے والے سال کے لیے نئی امید لے کر آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں