گوجرانوالہ (رپورٹنگ آن لائن) ضمنی انتخاب این اے 77 گوجرانوالہ میں انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کردیا گیا۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق عطاء اللہ تارڑ کو مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی انتخابی مہم میں شرکت پر نوٹس جاری کیا گیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات کو 8 نومبر صبح 11 بجے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن سید باسط علی کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم پر پابندی کے دوران شرکت پر عطاء اللہ تارڑ کو الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 182 کے تحت بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے، وفاقی وزراء کی انتخابی مہم میں شرکت انتخابی ضابطۂ اخلاق کے پیراگراف 18 اور 41 کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ عطاء اللہ تارڑ مقررہ وقت پر پیش ہو کر اپنا جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر عدم پیشی کی صورت میں دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔









