عشرت العباد خان 16

کشمیر کاز پر پوری پاکستانی قوم کو ایک آواز ہونا چاہیے ڈاکٹر عشرت العباد خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور میری پہچان پاکستان کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی واضح اکثریت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری عمل کی مضبوطی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیاب ہونے والی جماعتوں کو عوامی خدمت اور خطے کی ترقی پر توجہ دینی چاہیے، جبکہ دیگر سیاسی قوتوں کو بھی انتخابی نتائج کو کشادہ دلی سے قبول کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کے بجائے نظام لپیٹنے، الزام تراشی اور محاذ آرائی کی سیاست کو فروغ دیں گی تو یہ جمہوری اقدار اور قومی مفاد کے خلاف ہوگا۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ جمہوریت برداشت، مکالمے اور عوامی فیصلوں کے احترام کا نام ہے۔ سیاسی قیادت کو ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو قومی یکجہتی اور جمہوری استحکام کو نقصان پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے جو فیصلہ دیا ہے، اس کا احترام تمام فریقین پر لازم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس مسئلے پر پوری پاکستانی قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ وقت آ گیا ہے کہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد اور کشمیر کاز کو ترجیح دی جائے۔ میری پہچان پاکستان (MPP) ہمیشہ قومی اتحاد، جمہوری استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کی سیاست کی حامی رہی ہے۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی تعاون، برداشت اور مثبت سیاسی رویوں کو فروغ دینا چاہیے تاکہ خطے میں ترقی، خوشحالی اور سیاسی استحکام کا سفر مزید آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترتے ہوئے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں