خواجہ آصف 5

پی ٹی آئی قیادت کارکنوں کو آگے کر کے خود بلٹ پروف گاڑیوں میں چھپ گئی، وزیر دفاع

ا سلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور احتجاج کی حکمت عملی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنوں کو سڑکوں پر لا کر خود کو محفوظ گاڑیوں میں چھپا لینا دلیری نہیں ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مسلح کارکن سڑکوں پر ہیں جبکہ نام نہاد دلیر لیڈران بم پروف اور بلٹ پروف سرکاری گاڑیوں میں چوہوں کی طرح چھپے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر لیڈر واقعی دلیر ہو اور کرپشن کا مرتکب نہ ہو تو وہ کارکنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوتا ہے نہ کہ سرکاری وسائل کی اوٹ میں چھپے۔خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران عدالت کے احکامات اور طے شدہ شرائط کی کھلی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج میں ہیلی کاپٹر، سرکاری وسائل اور اسلحہ بردار جتھوں کا کھلم کھلا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر مذاکرات نتیجہ خیز بھی ہو جاتے تو اس بات کی کیا ضمانت تھی کہ یہ جماعت طے شدہ معاملات کا احترام کرے گی؟وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاق رائے اور پی ٹی آئی کے رویے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوم کا اتفاق ہے، مگر پی ٹی آئی اس پر راضی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ڈرون حملے ہوں یا دہشت گردی کے واقعات، اور چاہے ہماری فوج، پیرا ملٹری فورسز یا پولیس کے جوان شہید ہوں، پی ٹی آئی کی جانب سے نہ کوئی مزاحمت سامنے آتی ہے اور نہ ہی مذمت۔خواجہ آصف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ دعوے کرتے تھے کہ سومنات پر حملہ ہوگا ، لیکن یہ اسلام آباد ہے، پی ٹی آئی قیادت کو اب غزنی کی سوچ سے باہر نکل آنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں